بہاولپور(نیوز ڈیسک)جنوبی پنجاب میں ڈیجیٹل ترقی کے فروغ، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی مہارتوں سے آراستہ کرنے اور تعلیم، صنعت و تحقیق کے شعبوں میں جدت کے نئے امکانات اجاگر کرنے کے لیے دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں دو روزہ کانفرنس ’’ڈیجیٹل ویژن ساؤتھ پنجاب 2030ء‘‘ منعقد ہوئی، جو مختلف علمی، فکری، تکنیکی اور ثقافتی سرگرمیوں کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کا انعقاد ایس ڈی جیز اکیڈمی اور انٹر آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اشتراک سے کیا گیا۔ اختتامی تقریب وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی سید عمار جعفری، ڈائریکٹر جنرل سنٹر آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (CIT) تھے۔ کانفرنس میں ملکی و بین الاقوامی مقررین، ٹیکنالوجی ماہرین، مندوبین، کاروباری شخصیات اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت عصرِ حاضر کی ایسی حقیقتیں ہیں جو تعلیم، تحقیق، معیشت، ثقافت، صنعت اور معاشرتی زندگی کے تمام شعبوں کو نئی جہتیں دے رہی ہیں۔ جنوبی پنجاب کو ڈیجیٹل ترقی کے قومی ویژن سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامعات، حکومتی اداروں، صنعت، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور نوجوانوں کے درمیان باہمی تعاون ناگزیر ہے تاکہ جدید علم، تحقیق اور اختراعی صلاحیتوں کو عملی ترقی میں تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے علمی پلیٹ فارمز نوجوان نسل کو ڈیجیٹل دور کے مواقع سے روشناس کرانے، جدید مہارتوں کی نشوونما اور خطے میں ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی تحقیق، جدت، ڈیجیٹل مہارتوں اور بین ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی علمی و تعلیمی کاوشیں جاری رکھے گی۔
مہمانِ خصوصی سید عمار جعفری، ڈائریکٹر جنرل سنٹر آف انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اپنے خطاب میں ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کو جنوبی پنجاب کی ترقی، نوجوانوں کی استعدادِ کار میں اضافے اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل ویژن کے تحت ٹیکنالوجی، تعلیم، حکومتی اداروں اور مختلف شعبہ جات کے مابین مؤثر اشتراکِ عمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں، مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے عملی استعمال سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دو روزہ کانفرنس کے دوران ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، جدت، ڈیجیٹل تبدیلی اور مستقبل کے تقاضوں سے متعلق مختلف موضوعات پر علمی و فکری تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس کے پہلے روز انڈسٹریل ایکسپو کا انعقاد کیا گیا، جبکہ شام کے پروگرام میں روایتی ثقافتی موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ دوسرے روز ’’ثقافت، ادب اور فنونِ لطیفہ کو مصنوعی ذہانت (AI) سے درپیش چیلنجز‘‘ کے موضوع پر خصوصی مکالمہ منعقد ہوا۔
کانفرنس کی فوکل پرسن ڈاکٹر عظمیٰ مقبول نے کانفرنس کے مقاصد، مختلف سیشنز اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور مقررین، مندوبین، معاونین اور شرکاء کے تعاون کو سراہا۔ کانفرنس میں نادر ممتاز، اسپیشل سیکرٹری میری ٹائمز، استاد غلام حسین، نامور مصور، اظہر فراغ، نامور شاعر، آغا صدف مہدی، تھیٹر ڈائریکٹر، ڈاکٹر معظم درانی، ماہرِ ثقافت، ڈاکٹر سفینہ صدیق، چیف میڈیکل آفیسر اور ڈاکٹر حمیرا خان، پرنسپل آرمی پبلک اسکول سمیت شہر کی ممتاز شخصیات، ڈینز، سربراہانِ شعبہ جات، فیکلٹی ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔