بہاولپور(نیوز ڈیسک) اسلامیہ یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی قیادت میں سموگ سے متعلق آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ اس سرگرمی کا مقصد سموگ اور فضائی آلودگی کے مضر اثرات کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنا اور ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔
اس سیمینار اور واک کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیرِ انتظام ’’آئی یو بی کلائمیٹ چینج اینڈ انوائرنمنٹل پروٹیکشن سوسائٹی‘‘ نے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے تعاون سے کیا تھا۔
شرکاء نے فضائی آلودگی میں کمی، صاف ہوا کے فروغ، ماحول دوست طریقے اپنانے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
وائس چانسلر نے طلبہ اور کمیونٹی میں ماحولیاتی آگاہی بڑھانے، سموگ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ذمہ دارانہ رویے اپنانے اور عملی اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا۔