بہاولپور(نیوز ڈیسک) گورنمنٹ ایس ای گریجویٹ کالج بہاولپور میں فری ایم ڈی کیٹ (MDCAT) کی تیاری کے پروگرام کے تحت نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں پرنسپل آفس میں ایک پروقار تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی۔ تقریب میں میرٹ پر آنے والے طلبہ و طالبات کو سرٹیفکیٹس دیے گئے اور ان کی محنت، لگن اور کامیابی کو سراہتے ہوئے مبارک باد پیش کی گئی۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے پرتکلف چائے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
ایم ڈی کیٹ کی مفت تیاری کے پروگرام کے نتیجے میں 17 طلبہ و طالبات نے میرٹ حاصل کیا، جو ادارے کے لیے ایک قابلِ فخر کامیابی ہے۔ دیگر طلبہ و طالبات بھی اپنے حاصل کردہ نمبروں اور میرٹ کی بنیاد پر مختلف جامعات اور کالجز میں داخلے کے لیے اہل ہوں گے۔
تقریب میں پرنسپل ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد اور وائس پرنسپل دیوان آصف نے ایم ڈی کیٹ کی تیاری کروانے والے اساتذہ کرام پروفیسر ڈاکٹر زاہد اختر، پروفیسر نعیم قمر، پروفیسر زاہد محمود، پروفیسر الیاس راشد، پروفیسر زاہد فاروق اور پروفیسر اسد عباس کی تعلیمی خدمات کو سراہا اور انہیں اس کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اساتذہ آئندہ بھی اسی جذبے، محنت اور لگن کے ساتھ طلبہ و طالبات کی رہنمائی جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر کالج کی جانب سے مفت ایم ڈی کیٹ تیاری کی سہولت کو طلبہ و طالبات کے لیے ایک اہم تعلیمی قدم قرار دیا گیا، جس کا مقصد مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو میڈیکل کے شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
پرنسپل ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد اور وائس پرنسپل دیوان آصف نے کامیاب طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کالج مستقبل میں بھی معیاری تعلیم، طلبہ کی رہنمائی اور تعلیمی کامیابیوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔