لسانی تعصب کی فضا قائم کرنےوالے یاد رکھیں میری کامیابی میں ہمیشہ سرائیکی عوام کا کلیدی کردار رہا ہے
بہاولپور (نیوز ڈیسک) رکن قومی اسمبلی چوہدری طارق بشیر چیمہ نے حلقہ این اے 168 کے ضمنی انتخاب کے لیے چوہدری ولی داد چیمہ کو امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی نسل کو سیاسی میدان میں آگے لانا وقت کی ضرورت ہے۔ خواہش ہے کہ موجودہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے پہلے بہاولپور صوبہ بحال ہو اور اس کے لیے شدید سیاسی مخالفین سے بھی رابطہ کروں گا۔ بہاولپور سے منتخب ہونے والے دیگر چار ارکان قومی اسمبلی بہاولپور صوبہ بحالی کے لیے مخلص ہیں تو وہ بھی استعفے دیں، میں بھی استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہوں، مل کر صوبے کے لیے جدوجہد کریں۔ بطور ضلعی ناظم بہاولپور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، مخدوم سید احمد محمود سے صرف بہاولپور صوبے کی بحالی کے حوالے سے ملاقات ہوئی تھی۔ لسانی تعصب کی فضا قائم کرنے والے یاد رکھیں کہ میری کامیابی میں ہمیشہ سرائیکی عوام کا کلیدی کردار رہا ہے۔ وہ بہاولپور میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے پریس کانفرنس کر رہے تھے۔
پریس کانفرنس میں صدر بہاولپور چیمبر آف کامرس سید ظفر شریف، رکن صوبائی اسمبلی حسن عسکری شیخ، سابق تحصیل ناظم ملک زاہد چنڑ، چوہدری عبدالجبار، صنعتکار مبشر حسن، عذرا شیخ سمیت مختلف یونین کونسلوں کے سابق چیئرمین اور کونسلرز موجود تھے۔
اسمبلی فلور پر اپنی ہر تقریر میں بہاولپور صوبے کی بحالی کا مطالبہ بھرپور انداز میں اٹھایا
چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ میری سیاسی جدوجہد میں صوبہ بہاولپور کی بحالی کا مطالبہ ہمیشہ مقدم رہا ہے اور اسمبلی فلور پر اپنی ہر تقریر میں بہاولپور صوبے کی بحالی کا مطالبہ بھرپور انداز میں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبے کی بحالی کے لیے میں شدید مخالف سیاسی جماعت سے بھی رابطہ کروں گا اور اس تاریخی مطالبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کروں گا۔
چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ بہاولپور صوبے کی بحالی کے لیے لوگوں نے جانوں تک کی قربانیاں دی ہیں، تاہم ماضی میں مختلف سیاسی جماعتوں نے صوبہ بحالی کے نام پر عوام سے ووٹ حاصل کیے لیکن کامیابی کے بعد وعدے فراموش کر دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بہاولپور سے منتخب ہونے والے دیگر چار ارکان قومی اسمبلی صوبہ بحالی کے معاملے میں مخلص ہیں تو وہ بھی استعفے دیں، میں بھی استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہوں، آئیں مل کر بہاولپور صوبے کے لیے جدوجہد کریں۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ میں تقریباً اٹھارہ سال بعد دوبارہ بہاولپور شہر کی سیاست میں آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بطور ضلعی ناظم بہاولپور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔ شہر میں ڈوئل کیرج ویز، شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے 7 پارکس، ہسپتال کی اپ گریڈیشن سمیت متعدد منصوبے مکمل کروائے۔ انہوں نے دریائے ستلج کے کنارے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں 41 ٹربائنیں نصب کی گئی تھیں جو آج چوری ہو چکی ہیں۔
چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ بہاولپور کو موٹروے کی سہولت سے محروم رکھا گیا۔
ہاں، میں نے اپنے حلقے کے لوگوں کو نوکریاں دی ہیں، تنقید کرنے والے بتائیں انہوں نے کتنے افراد کو روزگار دیا
مخالفین کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ مجھ پر یزمان کے لوگوں کو نوکریاں دینے کی بات کی جاتی ہے تو ہاں، میں نے اپنے حلقے کے لوگوں کو نوکریاں دی ہیں، بہاولپور سے منتخب ہونے والے نمائندے بتائیں کہ انہوں نے اپنے حلقوں میں کتنے افراد کو روزگار فراہم کیا۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہر گھر میں پڑھے لکھے نوجوان بیٹے اور بیٹیاں بے روزگار ہیں۔
پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے چوہدری طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں بہاولپور صوبے کی بحالی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ چوہدری ولی داد چیمہ کو سیاسی میدان میں لانے کا مقصد نئی اور نوجوان قیادت کو آگے لانا ہے، جو بہاولپور صوبے کی بحالی، علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے موقع پر لسانی تعصب کی فضا قائم کرنے کی کوشش کرنے والے مخالفین یہ بات یاد رکھیں کہ میری کامیابی میں ہمیشہ سرائیکی لوگوں کا کلیدی کردار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد سے بہاولپور کی تعمیر و ترقی کا نیا باب رقم کریں گے