بہاولپور (نیوز ڈیسک) بہاولپور کی تاجر و صنعتکار برادری نے ایک بار پھر اتحاد گروپ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس کی ترقی، کاروباری مسائل کے حل اور تاجروں کی مؤثر نمائندگی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اتحاد گروپ بہاولپور چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام منعقدہ پروقار تقریب میں ایم این اے و سرپرست اتحاد گروپ بہاولپور چیمبر آف کامرس چوہدری طارق بشیر چیمہ، صدر بہاولپور چیمبر آف کامرس سید ظفر شریف، چیمبر کے سابق صدور چوہدری عبدالجبار، محمد مبشر سمیت اتحاد گروپ و انجمن تاجران کے قائدین، سابق صدور، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، یزمان، حاصل پور، لودھراں، بہاولنگر، ہارون آباد، چشتیاں اور فورٹ عباس سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ووٹرز و ممبران چیمبر آف کامرس، میڈیا نمائندگان اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر بہاولپور چیمبر آف کامرس سید ظفر شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران اتحاد گروپ نے نہ صرف انتخابات میں کامیابیاں حاصل کیں بلکہ تاجر و صنعتکار برادری کی خدمت، ان کے مسائل کے حل اور مؤثر نمائندگی کی مضبوط روایت قائم کی ہے۔
اتحاد گروپ نے کاروباری برادری کے اعتماد کو اپنی سب سے بڑی قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کو متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ایک فعال، بااختیار اور مؤثر پلیٹ فارم بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے، جن میں چیمبر آف کامرس کی شاندار عمارت کی تعمیر اور بہاولپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام اہم کامیابیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا بلکہ مقامی صنعت و تجارت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا اور کاروباری افراد کو درپیش مشکلات میں کمی لانا ہے۔
صدر چیمبر نے کہا کہ ایک ہی چھت تلے مختلف سرکاری سہولیات کی فراہمی کے لیے چیمبر آف کامرس میں اسپیشل فسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا گیا، جہاں نادرا، پولیس خدمت مرکز، ڈرائیونگ لائسنس اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس اقدام سے کاروباری افراد کے قیمتی وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں سے متعلق امور کی انجام دہی میں بھی آسانی پیدا ہوئی ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں پاسپورٹ آفس، فرم رجسٹریشن، ایس ای سی پی، انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس سے متعلق سہولیات کے لیے ہیلپ ڈیسک کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔ ان سہولیات کا مقصد کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ خدمات ان کے اپنے پلیٹ فارم پر فراہم کرنا اور انہیں مختلف سرکاری اداروں کے غیر ضروری چکروں سے نجات دلانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر چیمبر چوہدری عبدالجبار اور دیگر مقررین نے کہا کہ اتحاد گروپ کی کامیابی کا بنیادی اصول مشاورت، اتحاد اور بہترین قیادت ہے۔ مقررین نے کہا کہ مضبوط ٹیم ورک اور تمام ممبران کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی نے اتحاد گروپ کو مسلسل کامیابیوں سے ہمکنار کیا ہے۔ مقررین نے موجودہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں اتحاد کا مظاہرہ ہی کسی بھی ادارے کو مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے اور اجتماعی فیصلوں سے ادارہ جاتی استحکام پیدا ہوتا ہے۔
تقریب میں آئندہ ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات کے حوالے سے مشاورتی عمل کا آغاز بھی کیا گیا۔ شرکاء سے کہا گیا کہ کارپوریٹ کلاس اور ایسوسی ایٹس کلاس سے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد اپنے نام جمع کروائیں۔ امیدواروں کا جائزہ سینئر افراد پر مشتمل پینل کرے گا اور ممبران کی مشاورت سے موزوں امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ مقررین نے واضح کیا کہ امیدواروں کے انتخاب میں ذاتی پسند و ناپسند کے بجائے میرٹ، صلاحیت، دیانتداری، تجربے اور کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی کی صلاحیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہوگی۔