بہاولپور (نیوز ڈیسک) شعبہ حدیث، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی ایم فل کی طالبہ فریحہ رشید نے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ قومی سطح کے مقابلۂ مضامین ’’نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘‘ میں شرکت کرتے ہوئے ملکی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ طالبہ نے اپنی علمی قابلیت، تحقیقی صلاحیت اور سیرتِ طیبہ سے وابستگی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے یہ نمایاں اعزاز اپنے نام کیا۔
12 ربیع الاول 2026ء کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران انہیں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے دستِ مبارک سے ایوارڈ اور انعام سے نوازا گیا۔
طالبہ کی اس شاندار کامیابی پر صدر شعبہ حدیث ڈاکٹر غلام حیدر مگھرانہ، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن اور وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس کامیابی کو شعبہ حدیث اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے لیے ایک بڑا علمی و قومی اعزاز قرار دیتے ہوئے طالبہ اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔
دریں اثناء سیرت چیئر، فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے ربیع الاول کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ’’نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کی۔
اس موقع پر نائب صدر جامعہ دارالعلوم کراچی ڈاکٹر مفتی محمد زبیر اشرف عثمانی نے موضوع کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔ ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن اور ڈائریکٹر سیرت چیئر پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن نے سیمینار کے انعقاد اور رہنمائی پر وائس چانسلر اور معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔