بہاولپور (نیوز ڈیسک) ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اپنے ساتھ تعینات پولیس اسکواڈ کے ملازمین کے ان بچوں کی حوصلہ افزائی کی ہے جنہوں نے میٹرک کے امتحانات میں 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے ہونہار طلبہ کو اپنے بہاولپور دفتر میں مدعو کیا، مبارکباد دی اور نقد انعامات سے نوازا۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی عبدالمجید کے صاحبزادے حافظ حسنین مجید نے میٹرک کے امتحانات میں 1074 نمبر حاصل کیے جبکہ پولیس اہلکار نوید ارشد کے صاحبزادے عبدالمنان نے 1024 نمبر حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے دونوں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ محدود وسائل اور کٹھن فرائض کی ادائیگی کے باوجود پولیس اور سیکیورٹی عملے کے بچوں کی یہ کامیابی انتہائی قابلِ ستائش ہے، جو طلبہ کی محنت، لگن اور والدین کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ہونہار طلبہ مستقبل میں بھی اسی محنت اور جذبے کے ساتھ کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
طلبہ کے والدین نے اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کا شکریہ ادا کیا۔