بہاولپور (نیوز ڈیسک) ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر الزامات پر پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے مختلف سزائیں سنا دیں۔ اس سلسلے میں منعقدہ اردل روم میں 42 افسران و اہلکار پیش ہوئے، جن میں سے 15 کو سروس ضبطی جبکہ ایک کانسٹیبل کو جرمانے کی سزا دی گئی، جبکہ 26 افسران و اہلکاروں کے شوکاز نوٹسز کے جوابات سے مطمئن ہوکر انہیں فائل کردیا گیا۔
ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے محکمہ پولیس میں شفاف احتساب کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے اردل روم کا انعقاد کیا، جہاں پیش ہونے والے افسران و اہلکاروں کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ محکمانہ کارروائی کے دوران 8 سب انسپکٹرز، 2 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 2 ہیڈ کانسٹیبلز اور 3 کانسٹیبلز کو سروس ضبطی کی سزا سنائی گئی، جبکہ ایک کانسٹیبل کو جرمانے کی سزا دی گئی۔ مزید برآں 26 افسران و اہلکاروں کے جوابات کا جائزہ لینے کے بعد ڈی پی او نے انہیں تسلی بخش قرار دیتے ہوئے شوکاز نوٹسز فائل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی، رانا عبدالوہاب
اس موقع پر ڈی پی او رانا عبدالوہاب نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال محکمہ پولیس کے وقار کو مجروح کرنے کے ساتھ عوام کے اعتماد کو بھی متاثر کرتا ہے۔ تمام افسران و اہلکار اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے قانون کے مطابق تفویض کردہ اختیارات استعمال کریں تاکہ محکمہ پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں جزا و سزا کا منظم نظام موجود ہے اور بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ محکمہ میں احتساب اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے محکمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔