بہاولپور (نیوز ڈیسک) بہاولپور میں فارمرز کو جدید فارمنگ ٹیکنالوجیز اور منافع بخش فارمنگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے پہلی بار میگا نمائش ’’فارمرز فِسٹ‘‘ کا انعقاد 19، 20 اور 21 مارچ 2027 کو بہاولپور میں کیا جائے گا۔ نمائش میں زراعت، ڈیری، پولٹری، فشریز، سولر اور فارمنگ سے متعلقہ صنعتوں کی جدید اور معیاری مصنوعات کی نمائش کی جائے گی اور فارمرز کو ان مصنوعات کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی کہ وہ فارمنگ کے جدید طریقوں اور مصنوعات کو استعمال کرتے ہوئے کس طرح منافع بخش فارمنگ کر سکتے ہیں۔
نمائش میں کھاد، بیج، کیمیکلز، آبپاشی کے آلات، جدید فارمنگ مشینری، فشریز، ڈیری، پولٹری فیڈ، میڈیسن، ویکسین، سیمن، فارم کے آلات، فارمنگ مشینری، بائیوفلاک فش فارمنگ کی مصنوعات، سولر سسٹمز، سولر ٹیوب ویلز اور دیگر فارمنگ سے متعلقہ مصنوعات شامل ہوں گی۔ ان مصنوعات کے ذریعے فارمرز نہ صرف جدید مصنوعات اور ٹیکنالوجیز کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں گے بلکہ خصوصی ڈسکاؤنٹ کے ساتھ ان کی خریداری بھی کر سکیں گے۔
ایکسپو میں لائیوسٹاک، ایگریکلچر اور فشریز ڈیپارٹمنٹ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے خصوصی وفود بھی شرکت کریں گے، جبکہ تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کے وائس چانسلرز اور متعلقہ فیکلٹی کے وفود بھی ایکسپو کا دورہ کریں گے۔
ایکسپو میں بہاولپور کے ساتھ ملتان، یزمان، لودھراں، کہروڑ پکا، دنیا پور، جلال پور، احمد پور ایسٹ، میلسی، علی پور، رحیم یار خان، خیرپور اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں سے ہزاروں فارمرز شرکت کریں گے۔ ایکسپو میں فارمرز کے لیے داخلہ بالکل مفت ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ فارمرز اس میگا نمائش سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ایکسپو انبوکس پاکستان، ایگری لائیوسٹاک پی کے اور این ایف اے کے زیرِ اہتمام منعقد کی جا رہی ہے، جس کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔