بہاولپور (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور ایم این اے ملک منیر اقبال چنڑ سے ان کے والد، سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کی وفات پر اظہارِ تعزیت کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ملک محمد اقبال چنڑ نے اپنی طویل سیاسی و عوامی زندگی میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وابستگی نبھاتے ہوئے عوامی خدمت، علاقے کی ترقی اور جمہوری جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا، ان کی خدمات اور سیاسی وابستگی کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
قبل ازیں حمزہ شہباز شریف نے ججہ ہاؤس میں چوہدری خالد محمود ججہ، ایم پی اے و ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) بہاولپور، کی والدہ محترمہ کی وفات پر اظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالرحمن کانجو، صوبائی وزیر میاں کاظم علی پیرزادہ، چوہدری سعود مجید، میاں بلیغ الرحمن، ڈاکٹر رانا طارق، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ، ایم این اے ملک منیر اقبال چنڑ، چوہدری سعد مسعود، سابق ایم پی اے محمد افضل گل سمیت دیگر مسلم لیگی رہنما بھی موجود تھے۔