بہاول پور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن ”صحت مند پنجاب“ کے تحت بہاول پور سمیت صوبہ بھر میں انسدادِ پولیو مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ چیف منسٹر پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے بہاولپور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ماڈل ٹاؤن اے، ماڈل ٹاؤن سی اور جنرل بس اسٹینڈ میں پولیو ٹیموں کی فیلڈ سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے۔
عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبہ پنجاب سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہیں، اسی مقصد کے تحت پولیو کی مؤثر نگرانی کے لیے خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ پولیو کی کوششوں میں کسی قسم کی غفلت کی کوئی گنجائش نہیں، پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر بھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران ہر پانچ سال سے کم عمر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے اور بالخصوص موبائل و ہجرت کرنے والی آبادیوں کے بچوں کی ویکسی نیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی کابینہ، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود انسدادِ پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت (WHO) سمیت دیگر متعلقہ ادارے بھی مہم کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
عظمیٰ کاردار نے کہا کہ علماء کرام، اساتذہ، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور معاشرے کے دیگر طبقات انسدادِ پولیو مہم کے اہم پارٹنرز ہیں، اجتماعی کوششوں کے ذریعے ان شاء اللہ 2027ء تک پاکستان کو پولیو فری بنانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے پولیو ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود پولیو ورکرز قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ پولیو ورکرز کی فیلڈ میں خدمات قابل تحسین ہیں اور ان کی سکیورٹی سمیت تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسدادِ پولیو مہم کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں انسدادِ پولیو مہم کی مؤثر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور پنجاب کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بہاولپور میں جاری انسدادِ پولیو کی چار روزہ خصوصی مہم کے دوران 5 لاکھ 17 ہزار 151 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مہم کے لیے 1,975 موبائل اور 229 فکسڈ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے انسدادِ پولیو کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔ عظمیٰ کاردار نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہمارا عزم ہے، ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔