بہاولپور (نیوزڈیسک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (NHMP) بیٹ-20 بہاولپور کے زیر اہتمام ڈائیوو ٹرمینل بہاولپور ہال میں روڈ سیفٹی آگاہی بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن کا اہتمام DO/IP قمر سعید کی جانب سے کیا گیا، جس میں SP محمد کاشف رحیم، سیکٹر کمانڈر C-II ملتان، DSP احسان الحق، بیٹ کمانڈر-20، DTO بہاولپور جاوید نور، ممبر چیمبر آف کامرس ایم اسحاق میو سمیت 100 سے زائد ڈرائیورز، مسافروں اور ٹرانسپورٹ اسٹاف نے شرکت کی۔

سیشن سے انسپکٹر خالد قریشی نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین کی پابندی، رفتار میں اعتدال، لین ڈسپلن، سیٹ بیلٹ کے استعمال، اوور لوڈنگ سے اجتناب اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ شرکاء کی جانب سے مختلف سوالات بھی کیے گئے جن کے متعلقہ افسران نے تفصیلی جوابات دیے۔
اس موقع پر روڈ سیفٹی کے پیغام کو عملی طور پر اجاگر کرنے کے لیے شرکاء میں ہیلمٹس بھی تقسیم کیے گئے جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے باقاعدہ استعمال کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے قیمتی انسانی جانوں کو ٹریفک حادثات سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ شرکاء نے NHMP کی جانب سے روڈ سیفٹی کے فروغ اور ٹرانسپورٹ کمیونٹی میں آگاہی کے لیے اس اقدام کو سراہا۔