بہاول پور (نیوز ڈیسک) ریجنل ٹریننگ سنٹر کے زیر اہتمام پولیس لائنز بہاولپور میں SSOIU (Special Sexual Offences Investigation Unit) کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی سیشن منعقد ہوا۔ سیشن کا مقصد جنسی جرائم کی تفتیش، متعلقہ قوانین اور ضابطہ کار کے بارے میں افسران و اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنا تھا۔
ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی خصوصی ہدایات پر منعقدہ سیشن میں بہاولپور ریجن کے تینوں اضلاع میں SSOIU میں تعینات افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ ضلع بہاولپور کے افسران نے فزیکلی جبکہ بہاولنگر اور رحیم یار خان کے متعلقہ اہلکاروں نے بھی سیشن میں شرکت کی۔
ایس پی لیگل محمد خان جوئیہ نے رولز اور متعلقہ قانونی ضوابط پر لیکچر دیا، جبکہ پبلک پراسیکیوشن اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے نمائندگان نے اپنے متعلقہ شعبہ جات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ ڈی ایس پی توقیر انور اور ڈی ایس پی لیگل جام محمد محسن نے SSOIU کے امور، تفتیشی طریقہ کار اور قانونی تقاضوں پر روشنی ڈالی۔
سیشن کی کوآرڈینیشن انسپکٹر حسین رضا نظامی نے کی۔ تربیتی نشست کے دوران جنسی جرائم کے مقدمات کی مؤثر تفتیش، شواہد کے تحفظ، فرانزک معاونت، قانونی تقاضوں اور پراسیکیوشن کے امور پر بھی تفصیلی آگاہی دی گئی۔