بہاول پور (نیوز ڈیسک) ہارٹیکلچرل ایجنسی بہاول پور اور نیب ملتان کے اشتراک سے بہاولپور میں شجرکاری، آگاہی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ون یونٹ چوک سے دربار محل روڈ کی سائیڈ بیلٹس پر املتاس کے پودے لگائے گئے، جس میں ہارٹیکلچرل ایجنسی بہاول پور اور نیب ملتان کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچرل ایجنسی بہاول پور ڈاکٹر نیر مصطفیٰ نے کہا کہ شجرکاری مہم کا مقصد بہاولپور شہر کو مزید سرسبز، خوبصورت اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانا ہے۔ شہری ماحول کی بہتری کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگائے جائیں گے جبکہ شجرکاری کے ساتھ پودوں کی مناسب دیکھ بھال اور نگہداشت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ شجرکاری کے مثبت نتائج دیرپا بنیادوں پر حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور سرسبز ماحول کی اہمیت سے آگاہ کرنا بھی مہم کا اہم حصہ ہے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
بعد ازاں ہارٹیکلچرل ایجنسی بہاول پور اور سینٹرل لائبریری کے زیر اہتمام سینٹرل لائبریری بہاولپور میں آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا، جس میں دیانت داری، شفافیت، ذمہ دارانہ طرزِ عمل، کردار سازی اور قومی ذمہ داری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ ڈاکٹر نیر مصطفیٰ نے نوجوان نسل میں مثبت معاشرتی اقدار، دیانت داری اور ذمہ دار شہری کردار کو فروغ دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی جبکہ شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے گئے۔
سینٹرل لائبریری بہاولپور میں مختلف اقسام کے پودے بھی لگائے گئے، جبکہ بعد ازاں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچرل ایجنسی بہاول پور ڈاکٹر نیر مصطفیٰ اور چیف لائبریرین نے کی۔ واک کے شرکاء نے ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری، دیانت داری اور ذمہ دار شہری کردار کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر نیر مصطفیٰ نے کہا کہ شجرکاری، آگاہی لیکچر اور واک جیسی سرگرمیوں کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ معاشرے میں مثبت اقدار کو فروغ دینا ہے۔ سرسبز و صاف ماحول اور ذمہ دار شہری معاشرے کے قیام کے لیے سرکاری اداروں، تعلیمی و عوامی اداروں اور شہریوں کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔