کسان کارڈ اور گرین ٹریکٹرز اسکیم سے چھوٹا کسان معاشی طور پر خودکفیل ہوگا،ملک منیر اقبال چنڑ
بہاولپور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست اقدامات کے تحت گرین ٹریکٹرز اسکیم فیز 4 میں کامیاب قرار پانے والے بہاولپور کے 381 کاشتکاروں میں ٹریکٹرز تقسیم کر دیے گئے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ہر ٹریکٹر پر ساڑھے 7 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ زراعت (توسیع) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں رکن قومی اسمبلی ملک منیر اقبال چنڑ، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری خالد محمود ججہ اور نوجوان سیاسی رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سعد مسعود نے کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔ تقریب میں محکمہ زراعت کے افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر زراعت (توسیع) بہاولپور ڈویژن محمد جمیل غوری نے بتایا کہ گرین ٹریکٹرز اسکیم فیز 4 کے تحت شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب کاشتکاروں کو فی ٹریکٹر ساڑھے 7 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس اقدام سے جدید مشینی کاشت کو فروغ ملے گا اور فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کی راہ ہموار ہوگی۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ کسانوں کو ترجیح دی ہے،ملک منیر اقبال چنڑ
رکن قومی اسمبلی ملک منیر اقبال چنڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کاشتکاروں کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ کسانوں کو ترجیح دی ہے۔ گرین ٹریکٹرز اسکیم کے تحت فی ٹریکٹر ساڑھے 7 لاکھ روپے سبسڈی اور کسان کارڈ جیسے اقدامات سے کاشتکاروں کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے، جس سے بالخصوص چھوٹا کسان معاشی طور پر خودکفیل ہو سکے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ثابت کیا کہ وہ کسانوں کی حقیقی خیرخواہ ہیں، چوہدری خالد ججہ
رکن صوبائی اسمبلی چوہدری خالد محمود ججہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ وہ کسانوں کی حقیقی خیرخواہ ہیں۔ کسان کارڈ، زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن، اپنا کھیت اپنا روزگار اور گرین ٹریکٹرز اسکیم جیسے منصوبے پنجاب میں زرعی ترقی کے لیے اہم اقدامات ہیں۔ ان منصوبوں سے زرعی پیداواری لاگت میں کمی اور ملکی معیشت کے استحکام میں مدد ملے گی۔
زرعی انقلابی منصوبوں سے دیہی معیشت میں نئی روح پھونک دی گئی، چوہدری سعد مسعود
نوجوان سیاسی رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سعد مسعود نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات نے دیہی معیشت میں نئی روح پھونک دی ہے۔ کسان کارڈ، اپنا کھیت اپنا روزگار، زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن اور گرین ٹریکٹرز اسکیم فیز 4 کے تحت 381 ٹریکٹرز کی تقسیم جیسے منصوبوں سے کاشتکاروں، بالخصوص نوجوان کسانوں کو جدید زراعت کی طرف راغب ہونے اور ترقی کے نئے مواقع میسر آ رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) بہاولپور حافظ محمد شفیق نے مہمانوں، عوامی نمائندوں اور کاشتکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ زراعت کی ٹیم حکومتی زرعی ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ بعد ازاں ملک منیر اقبال چنڑ، چوہدری خالد محمود ججہ، چوہدری سعد مسعود، ڈائریکٹر زراعت محمد جمیل غوری اور ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ محمد شفیق نے کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی علامتی چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر کاشتکاروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔