لاہور ہائی کورٹ نے ڈی جی ٹی او کے احکامات معطل کرتے ہوئے انتخابی عمل مکمل کرنے کا حکم دے دیا
بہاول پور(نیوز ڈیسک)لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈی جی ٹی او) اسلام آباد کے احکامات معطل کرتے ہوئے بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابی عمل کو مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے، جس کے بعد نظرثانی شدہ انتخابی شیڈول کے مطابق چیمبر کے صدر سمیت دیگر اعلیٰ عہدوں کے انتخابات 28 اکتوبر کو ہوں گے۔
سیکرٹری بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سال 2026-28 کے انتخابات کے سلسلے میں چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات 18 اکتوبر 2026 کو منعقد ہوئے، جن میں اتحاد گروپ نے 13 جبکہ بزنس گروپ نے 11 نشستیں حاصل کیں۔ بعدازاں 22 اکتوبر 2026 کو خواتین کی مخصوص دو نشستوں پر انتخابات ہوئے، جن پر بھی اتحاد گروپ کامیاب رہا۔
اعلامیے کے مطابق 22 اکتوبر کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشن اسلام آباد کے ریگولیٹر کی جانب سے 18 اکتوبر کے بعد انتخابی عمل کے تمام مراحل معطل کرتے ہوئے بہاولپور چیمبر کے انتخابات روکنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ان احکامات کے خلاف اتحاد گروپ نے 24 اکتوبر 2026 کو لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ میں رٹ پٹیشن نمبر 6493 دائر کی، جس پر عدالت نے ڈی جی ٹی او کے احکامات معطل کرتے ہوئے انتخابی عمل مکمل کرنے کا حکم جاری کیا۔
عدالتی حکم کے بعد چیمبر کے الیکشن کمیشن نے نظرثانی شدہ انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 27 اکتوبر کو اعلیٰ عہدوں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی وصول کیے جائیں گے، اسی روز ان کی جانچ پڑتال مکمل کرکے امیدواروں کی حتمی فہرست دوپہر 12 بجے تک آویزاں کر دی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق 28 اکتوبر 2026 کو صبح 10 بجے سے 11 بج کر 30 منٹ تک بہاولپور چیمبر میں صدر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران کا انتخاب ہوگا، جبکہ اسی روز الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گا۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سالانہ جنرل میٹنگ 29 اکتوبر بروز جمعرات رات 7 بج کر 30 منٹ پر منعقد ہوگی۔