بہاول پور (نیوز ڈیسک) سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب احمد نے کہا ہے کہ لائن سٹاف کی زندگیوں کا تحفظ میپکو انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین دورانِ ڈیوٹی حفاظتی اصولوں اور محکمانہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ملازمین کی زندگیاں نہ صرف محکمہ بلکہ ان کے اہل خانہ کے لیے بھی انتہائی قیمتی ہیں اور ان کا کوئی نعم البدل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور سرکل کی مختلف سب ڈویژنوں میں شیڈول شٹ ڈاؤن کے دوران سیفٹی واک کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے ایڈیشنل ایکسین سیفٹی بہاولپور سرکل عامر انصاری کے ہمراہ مختلف سب ڈویژنوں میں جاری مینٹی نینس اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور 11 کے وی لائنوں کے ساتھ درختوں کی شاخوں کی کٹائی، لائنوں کی کلیئرنس اور بجلی کی محفوظ و مستحکم فراہمی کے لیے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔
ملک یعقوب احمد نے لائن سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ لائنوں کی مرمت، درختوں کی کٹائی، لائن کلیئرنس، مینٹی نینس، ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن اور دیگر ترقیاتی کاموں کے دوران حفاظتی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ کام شروع کرنے سے قبل متعلقہ لائنوں کی مکمل بندش، ارتھنگ، حفاظتی آلات اور ٹی اینڈ پی کا درست استعمال یقینی بنایا جائے۔ کوئی بھی کام مناسب حفاظتی انتظامات کے بغیر شروع نہ کیا جائے اور تمام افسران فیلڈ میں عملے کی نگرانی کرتے ہوئے سیفٹی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ایڈیشنل ایکسین سیفٹی عامر انصاری نے کہا کہ بجلی کے تقسیمی نظام کی بہتری، لائنوں کی استعداد کار میں اضافے، درختوں کی شاخوں کی کٹائی اور ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن کے لیے جاری مینٹی نینس سرگرمیوں کا مقصد صارفین کو محفوظ اور مستحکم بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ملازمین اپنی جانوں کی حفاظت کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں کیونکہ ان کی زندگی ان کے خاندانوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
اس موقع پر ایس ڈی او عباسیہ سب ڈویژن شہزاد سیال اور ایس ڈی او سیٹلائٹ ٹاؤن علیم مصطفیٰ سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔