بہاولپور(نیوز ڈیسک)سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن پنجاب سید شعیب اقبال بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی ویژن کے مطابق خصوصی طلبہ کو بہترین انداز میں تعلیم، تربیت اور بحالی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ خصوصی تعلیم پنجاب خصوصی اداروں کی تعلیمی، انتظامی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ خصوصی طلبہ معاشرے کے باعزت اور کارآمد شہری بن کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ سیکنڈری سکول آف اسپیشل ایجوکیشن برائے ڈیف بوائز بہاولپور کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔
دورے کے دوران ادارے کے پرنسپل محمد عمران راہی نے سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن کو سکول کے تعلیمی و انتظامی امور، دستیاب سہولیات اور خصوصی طلبہ کی بحالی کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی۔ سید شعیب اقبال بخاری نے پرنسپل کے ہمراہ مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، طلبہ اور سٹاف کی حاضری سرکاری اٹینڈنس ٹیب کے ذریعے چیک کی اور طلبہ سے براہِ راست گفتگو کر کے ان کی تعلیمی استعداد اور تدریسی ماحول کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے ہماری خصوصی توجہ اور محبت کے مستحق ہیں اور ان کی فلاح و بہبود حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو تعلیمی کارکردگی اور تدریسی و غیر تدریسی سرگرمیوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ تعلیمی معیار اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن نے کمپیوٹر لیب، آڈیالوجی روم اور سپیچ تھراپی روم کا بھی خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے سماعت کی جانچ، ہیئرنگ ایڈز کے استعمال اور سپیچ تھراپی کی خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ ماہرین کو بہتری کے لیے تجاویز دیں اور ضروری احکامات جاری کیے۔
سید شعیب اقبال بخاری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خصوصی طلبہ کی فلاح، بہترین تعلیم و تربیت اور انہیں معاشرے کا فعال رکن بنانے کا مشن پوری قوت سے جاری رہے گا اور تمام اداروں میں مثالی نظم و ضبط اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
