بہاولپور (نیوز ڈیسک) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ سوائل سائنس سے وابستہ ڈاکٹر اظہر حسین نے مٹی اور ماحولیاتی مائیکرو بائیولوجی کے شعبے میں پوسٹ ڈاکٹریٹ ریسرچ کامیابی سے مکمل کر لی۔
ڈاکٹر اظہر حسین نے پوسٹ ڈاکٹریٹ ریسرچر کی حیثیت سے اپنے تحقیقی عرصے کے دوران یونیورسٹی پٹرا ملائیشیا کے شعبہ حیاتیاتی و زرعی انجینئرنگ، فیکلٹی آف انجینئرنگ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نظمی مت نوی کی نگرانی میں جدید تحقیق اور تربیت مکمل کی۔
ان کی تحقیق میں گھونگھے پر مبنی فولیئر بائیو فرٹیلائزرز، پلانٹ گروتھ پروموٹنگ رائزوبیکٹیریا، کمپوسٹنگ تکنیک، نامیاتی مٹی میں تبدیلی اور مٹی کی صحت میں مجموعی بہتری جیسے جدید موضوعات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
یونیورسٹی پٹرا ملائیشیا کے شعبہ حیاتیاتی و زرعی انجینئرنگ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نظمی مت نوی نے ڈاکٹر اظہر حسین کو پوسٹ ڈاکٹریٹ ریسرچ کی کامیاب تکمیل پر باضابطہ سرٹیفکیٹ بھی دیا۔ یہ سرٹیفکیٹ ان کی تحقیقی خدمات اور باہمی تعاون کی کوششوں کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ، پروفیسر ڈاکٹر مکشوف احمد، چیئرمین شعبہ سوائل سائنس، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے ڈاکٹر اظہر حسین کو پوسٹ ڈاکٹریٹ ریسرچ کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔