بہاولپور (نیوز ڈیسک)ریڈیو پاکستان چوک پر تیز رفتار کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آلٹو کار چڑیا گھر سے لاری اڈا کی جانب جا رہی تھی کہ ریڈیو اسٹیشن چوک پر تیز رفتاری کے باعث ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں احسن ولد اکرم، عمر 18 سال، اور عاطف ولد بقاء محمد، عمر 19 سال، سکنہ بستی بلوچاں، لال سوہانرا بہاولپور زخمی ہوگئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے دونوں زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک زخمی کی ٹانگ میں فریکچر جبکہ دوسرے کے جسم پر کٹ لگے ہیں۔
حادثے میں گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا اور وہ چلنے کے قابل نہ رہی۔ ریسکیو سٹاف نے ریکوری وہیکل کے ذریعے پولیس کی موجودگی میں گاڑی کو قریبی پٹرول پمپ پر منتقل کر دیا۔