بہاول پور(ریگزار نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام اپریل 2026ء میں منعقد ہونے والی انڈر-18 یوتھ ہاکی چیمپئن شپ کے لیے ملک بھر میں تیاریاں جاری ہیں۔ یہ چیمپئن شپ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس کا بنیادی مقصد گراس روٹ لیول سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا اور قومی سطح پر نئی ٹیلنٹ کی تلاش ہے۔
چیمپئن شپ میں پاکستان کے تمام صوبوں سے ٹیمیں شرکت کریں گی۔پنجاب کی نمائندہ ٹیموں کے انتخاب کے لیے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور ریجن میں انڈر-18 کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں بہاولپور میں ٹرائلز منعقد ہوئے، جن میں ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔
ٹرائلز کے بعد منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 2سے 6 اپریل 2026ء تک مطیع اللہ ہاکی اسٹیڈیم بہاولپور میں لگایا جائے گا۔ٹرائلز کے انعقاد میں پنجاب سپورٹس بورڈ بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے اور کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں تاکہ میرٹ پر بہترین ٹیموں کا انتخاب یقینی بنایا جا سکے۔
کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے تشکیل دی گئی سلیکشن کمیٹی میں اولمپین ڈاکٹر عاطف بشیر، اولمپین عمر بھٹہ، انٹرنیشنل پلیئرز محمد ارشد، عبدالسعید، فاروق احمد، کاشف علی جبکہ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن ہارون سعید شامل ہیں۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر بہاولپور محمد عامر حمید کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب محمد طارق قریشی کی خصوصی ہدایات پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین رہائش، معیاری گراؤنڈ اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔