بہاولپور (نیوز ڈیسک) کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں منعقدہ بین الاضلاعی کبڈی ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ فائنل کبڈی میچ میں بہاولپور اور رحیم یار خان کی ٹیمیں مدِ مقابل آئیں اور رحیم یار خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 کے مقابلے میں 42 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو صحت مند اور مثبت تفریح کی فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جبکہ بہاولپور میں بھی صوبائی سطح کے مقابلہ جات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔
عرفان علی کاٹھیا نے کھلاڑیوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بین الاضلاعی کبڈی چیمپین شپ اس سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
کمشنر نے مزید کہا کہ ڈرنگ اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں کے باعث مستقبل میں مختلف کھیلوں کے بڑے مقابلے یہاں منعقد ہوں گے، جبکہ حالیہ کبڈی ایونٹ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کبڈی کو پاکستان کا روایتی اور مقبول کھیل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بہاولپور اور رحیم یار خان کے کھلاڑی مستقبل میں قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔
اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کو بریفنگ کے دوران ڈویژنل سپورٹس آفیسر بہاولپور عامر حمید نے بتایا کہ ڈویژن کے تینوں اضلاع میں کبڈی چیمپین شپ کا کامیاب انعقاد کیا جا چکا ہے، جس کا مقصد مقامی سطح پر ٹیلنٹ کو فروغ دینا ہے۔