بہاولپور (سٹاف رپورٹر) انسٹی ٹیوٹ آف فزکس، اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور نے انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اور ریڈیو تھراپی ایبٹ آباد کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت (MoU) پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینا اور جدید سائنسی تحقیق کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فزکس پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین نے دستخط کیے۔
اس تعاون کا بنیادی مقصد تحقیقی طلبہ کے لیے خصوصاً میڈیکل فزکس کے شعبے میں ایک مضبوط گیٹ وے فراہم کرنا ہے تاکہ جدت کو فروغ دیا جا سکے، عملی تجربات کے مواقع پیدا ہوں اور تحقیق کے جدید رجحانات سے طلبہ کو روشناس کرایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق دونوں اداروں کے درمیان یہ اشتراک اکیڈمیا اور اپلائیڈ میڈیکل سائنسز کے درمیان مضبوط رابطہ قائم کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور مستقبل میں میڈیکل فزکس سمیت دیگر سائنسی شعبہ جات میں ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔