کراچی (نیوز ڈیسک) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی ملازمتوں اور ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا۔ قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر ہاکی کپ، گورنر سندھ باسکٹ بال چیمپئن شپ سمیت مختلف کھیلوں کے انعقاد اور اسپورٹس آرگنائزرز و اسپورٹس جرنلسٹس ایوارڈز کے اجرا کو بھی جلد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن، اسپورٹس آرگنائزرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس کے دورے کی دعوت بھی قبول کرلی۔
وفد کی قیادت کے ایچ اے کے چیئرمین اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر گلفراز احمد خان کررہے تھے۔ وفد میں پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سینئر صحافی اصغر عظیم، اولمپئن افتخار سید، ڈائریکٹر اسپورٹس کمشنر کراچی غلام محمد، کرنل (ر) محمد اعظم، انٹرنیشنل ہاکی پلیئر ارشد حسین، خدمتِ عوام ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی و چیئرمین زاہد رحیم، ریسکیو کمشنر اسکاوٹس سندھ طاہر شیخ، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے صدر زاہد شہاب، سیکریٹری پروفیسر راؤ جاوید اقبال، انٹرنیشنل ہاکی کمنٹیٹر ریاض الدین صدیقی، کے ایچ اے کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر اے ماجد، سابق ایس ایس پی اعجاز الدین، سینئر جوائنٹ سیکریٹری امتیاز الحسن، عظمت اللہ خان، انور فاروقی اور پاکستان میڈیا الائنس کے صدر جنید خان سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔
اس موقع پر وفد نے گورنر سندھ کی توجہ ماضی میں گورنر سندھ کے نام سے منعقد ہونے والے ہاکی، باسکٹ بال اور دیگر کھیلوں کے ایونٹس کے ساتھ ساتھ اسپورٹس آرگنائزرز اور اسپورٹس جرنلسٹس کے لیے دیے جانے والے ایوارڈز کی بحالی کی جانب مبذول کرائی۔
گورنر سندھ نے ہاکی اور باسکٹ بال سمیت مختلف کھیلوں کے فروغ سے متعلق تجاویز بھی طلب کیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور کھیلوں و کھلاڑیوں کی ہر ممکن سرپرستی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح وفاقی اور صوبائی محکمے دوبارہ کھیلوں کی سرپرستی کریں تاکہ کھلاڑیوں کے مالی حالات بہتر ہوں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وزیراعظم ملک میں ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کا حکم دے چکے ہیں اور وہ جلد وزیراعظم سے ملاقات کرکے اس حوالے سے تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ملاقات کے اختتام پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے گورنر سندھ کو یادگاری سووینیئرز بھی پیش کیے گئے۔