بہاول پور(ریگزار نیوز)میٹرک امتحان میں 6امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ میٹرک پہلے سالانہ امتحان 2026 کے امتحانی عمل کی موثر نگرانی کے لیے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رجب علی نے ضلع رحیم یار خان کے مختلف امتحانی مراکز جبکہ سیکرٹری بورڈ پروفیسر عدیل مالک چیمہ نے تحصیل حاصل پور کے امتحانی مراکز 188/ مراد اور 153/مراد کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اسپیشل اسکواڈ، مانیٹرنگ ٹیمیں، اسپیشل انسپکٹرز اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تعینات انسپکٹرز نے بہاولپور ڈویژن کے مختلف امتحانی مراکز پر اچانک دورے کیے۔ سخت نگرانی کے باعث صبح کے گروپ میں نقل کرتے پکڑے گئے 06 ا میدواران کے خلاف UMC کیسز رجسٹرڈ کیے گئے۔جس میں 2 کیس گورنمنٹ ہائی سکول 153/ مراد حاصل پور، ایک کیس گورنمنٹ ہائی سکول 51/پی رحیم یار خاں، ایک کیس گورنمنٹ ہائی سکول کوٹ سبزل صادق آباد، ایک کیس گورنمنٹ ہائی سکول 41/ ڈی بی یزمان اور ایک کیس گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول احمد پور شرقیہ میں رجسٹرڈ ہوا۔ مزید برآں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول 117/DB یزمان میں ایک نگران (Invigilator) کی غفلت پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
مجاز اتھارٹی نے سی ای او ایجوکیشن بہاولپورکو ہدایت جاری کی ہے کہ متعلقہ اہلکار کے خلاف پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ (PEEDA) کے تحت انکوائری شروع کی جائے۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رجب علی نے تمام مانیٹرنگ ٹیموں اور اسکواڈز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ امتحان زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جاری ہیں اور کسی بھی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شفاف امتحانی نظام ہی میرٹ کے فروغ کی ضمانت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔