بہاولپور(نیوز ڈیسک) ) حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی وژن کے تحت پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاولپور ڈویژن کے زیر اہتمام ایک شاندار مصوری کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع ”ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں“ قوموں کی عزت ہم سے ہے رکھا گیا۔ مقابلے کا مقصد خواتین کے معاشرتی کردار، عزت و وقار اور قومی ترقی میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔
مقابلے میں بہاولپور ڈویژن کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور اپنے فن پاروں کے ذریعے خواتین کی عظمت، قربانیوں اور معاشرتی مقام کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔
تقریب کی مہمان خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر تکمیل اسکوائر بہاولپور ڈاکٹر قیصرہ فضل تھیں جنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہوتی ہیں اور ماں، بہن اور بیٹی کی حیثیت سے ان کا کردار انتہائی قابل احترام ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آرٹ اور ثقافتی سرگرمیاں نوجوان نسل میں مثبت سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور سماجی شعور کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
جیوری کے ارکان نے شرکاء کے فن پاروں کا تخلیقی انداز، موضوع سے مطابقت اور فنی مہارت کی بنیاد پر جائزہ لیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
آخر میں پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاولپور ڈویژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر حمید نے تمام شرکاء، اساتذہ اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔