بہاولپور (نیوز ڈیسک) کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کے ہمراہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور کی زیرِ تعمیر اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز و ڈائریکٹر آرٹس کونسل بہاولپور ڈاکٹر ناصر حمید، ایس ای بلڈنگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ڈاکٹر ناصر حمید نے کمشنر بہاولپور کو منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی مراحل اور تکنیکی پہلوؤں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔
حکام نے بتایا کہ عمارت کی تکمیل کے لیے مزید 560.150 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے تاکہ باقی ماندہ ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ جبکہ جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت 45 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے میں جدید سہولیات سے آراستہ آڈیٹوریم، آرٹ گیلریز، ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کے لیے مخصوص ہالز اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جو خطے میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار کو ہر صورت اعلیٰ سطح پر یقینی بنایا جائے اور تزئین و آرائش میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے تاکہ یہ عمارت طویل عرصے تک عوامی اور ثقافتی ضروریات پوری کر سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو باقاعدہ نگرانی، شفافیت اور فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔
کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور یہ منصوبہ بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس، ایس ای بلڈنگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے جنہوں نے فنڈز کے استعمال اور تعمیراتی پیش رفت سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔