بہاولپور(نیوز ڈیسک) گورنمنٹ صادق ایجرٹن گریجویٹ کالج (ایس ای کالج) بہاولپور نے تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) پر مبنی میرٹ لسٹ میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ اس نمایاں کامیابی کے سلسلے میں کالج میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف کالجز کے پرنسپلز، اساتذہ کرام، علمی و سماجی شخصیات اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں کالج کی مجموعی کارکردگی کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ بہترین خدمات انجام دینے والے اساتذہ میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر رانا محمد عمران ارشد نے کہا کہ پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا پوری ٹیم کی شبانہ روز محنت، نظم و ضبط اور تعلیمی وژن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو مکمل اعتماد کے ساتھ ایس ای کالج میں داخل کروائیں، ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ KPI پروگرام کے تحت کالج کے 12 اساتذہ نے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ حاصل کر کے ادارے کا نام روشن کیا ہے۔
وائس پرنسپل دیوان آصف شہزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایس ای کالج کی یہ کامیابی اساتذہ، طلبہ اور والدین کے باہمی اعتماد اور معیاری تعلیمی ماحول کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ مستقبل میں بھی اسی جذبے سے تعلیمی خدمات جاری رکھے گا۔
پروفیسر واجد علی کمبوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم صرف امتحان پاس کرنے والے طلبہ تیار کر رہے ہیں یا باشعور اور باکردار انسان۔ انہوں نے کہا کہ علم صرف کتابوں تک محدود نہیں بلکہ اصل تعلیم وہ ہے جو انسان کی سوچ، کردار اور شعور کو بہتر بنائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمارا تعلیمی نظام رٹے سے نکل کر تحقیق، سوال اور تخلیقی صلاحیتوں کی طرف آنا چاہیے، کیونکہ ایک اچھا استاد صرف پڑھاتا نہیں بلکہ شاگرد کی شخصیت بھی تعمیر کرتا ہے۔
پروفیسر عباس بخاری نے کہا کہ ایس ای کالج گزشتہ 140 سال سے علم کی روشنی پھیلا رہا ہے اور ملک کو ایسے قابل افراد فراہم کر رہا ہے جنہوں نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں واقع یہ ادارہ آج اپنی شاندار کارکردگی کے باعث پنجاب کا نمبر ون کالج بن چکا ہے۔
پروفیسر اسلم بلوچ (شعبہ کیمسٹری) اور اطہر لاشاری (شعبہ سرائیکی، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور) نے بھی خطاب کرتے ہوئے کالج کی تعلیمی خدمات اور اساتذہ کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں ان اساتذہ کرام کو خصوصی طور پر سراہا گیا جنہوں نے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ حاصل کیا۔ ڈاکٹر عصمت اللہ شاہ (شعبہ سرائیکی) نے بہاولپور ڈویژن میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دیگر نمایاں اساتذہ میں پروفیسر عباس بخاری، پروفیسر اسد عباس، ڈاکٹر عشرت نوری، ڈاکٹر زاہد اختر، ڈاکٹر رجب علی، ڈاکٹر افتخار علی، ڈاکٹر نعیم بی، پروفیسر زاہد محمود، پروفیسر سجاد علی، پروفیسر محمد محسن اور پروفیسر الیاس راشد شامل ہیں۔
کالج میں اس وقت 153 فیکلٹی ممبران خدمات انجام دے رہے ہیں جن میں 15 پی ایچ ڈی اور 20 ایم فل اساتذہ شامل ہیں۔ تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔
اس تاریخی کامیابی نے ثابت کر دیا کہ جنوبی پنجاب کے سرکاری تعلیمی ادارے معیار، قابلیت اور محنت میں کسی سے کم نہیں، اور واقعی سرکاری ادارے ہی معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔