بہاولپور (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے تاریخی شیر باغ (چڑیا گھر) کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی کے انتظامات، عوامی سہولیات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کیوریٹر شیر باغ نے ڈپٹی کمشنر کو جاری ترقیاتی کاموں اور چڑیا گھر کے انتظامی معاملات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے ہدایت کی کہ شیر باغ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور جدید تفریحی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی کے نظام کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر میں صفائی، شجرکاری اور خوبصورتی کے اقدامات کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے حال ہی میں پیدا ہونے والے شیرنی کے بچوں کی صحت و نگہداشت کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور خصوصی دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجرے کی صفائی، معیاری خوراک اور دیگر ضروری انتظامات بہترین انداز میں انجام دیے جائیں تاکہ جانوروں کی صحت اور حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے شیر باغ کی کینٹین اور پارکنگ کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور واضح ہدایت کی کہ شہریوں سے کسی بھی صورت زائد نرخ وصول نہ کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام امور مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیے جائیں اور شہریوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ شیر باغ بہاولپور کی تاریخی اور تفریحی شناخت ہے جسے مزید بہتر بنا کر عوام اور بچوں کے لیے ایک مثالی تفریحی مقام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف شیر باغ کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو بہتر سہولیات بھی میسر آئیں گی۔