خان پور (نیوز ڈیسک) کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کے ہمراہ تحصیل خان پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام اور یومِ عاشورہ کے موقع پر کیے گئے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ اور ڈی پی او عرفان علی سموں نے کمشنر اور آر پی او کو انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے جلوسوں کے روٹس اور اہم مقامات کا دورہ کرتے ہوئے موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ کمشنر نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں مجالس اور جلوسوں کیلئے جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی نگرانی، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور مانیٹرنگ کا مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے۔
کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت، سول ڈیفنس، میپکو، سوئی گیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران جلوسوں کے ہمراہ موجود رہیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام ادارے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ ڈویژن کے حساس اور اہم مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے اور خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک مینجمنٹ پلان کے تحت جلوسوں کے روٹس پر متبادل ٹریفک انتظامات بھی یقینی بنائے گئے ہیں۔ آر پی او نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ڈیوٹی کے دوران مکمل مستعدی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہے جبکہ عزاداران کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر میں مسلسل اور کڑی مانیٹرنگ جاری ہے۔