رحیم یارخان (نیوز ڈیسک) ڈی پی او رحیم یارخان عرفان علی سموں نے پولیس ایمرجنسی پکار 15 کی کانفرنس کالز آٹنڈ نہ کرنے پر 27 پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں ایک، ایک سال سروس ضبطگی کی سزا سنا دی۔ سزا پانے والوں میں 11 ایس ایچ اوز اور 16 تفتیشی افسران شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا وقوعہ کی صورت میں پولیس ایمرجنسی پکار 15 پر کال کر کے فوری پولیس مدد حاصل کرتے ہیں۔ لاہور پولیس ہیڈکوارٹر سے متعلقہ ایس ایچ او یا رسپانڈنگ پولیس افسر سے فوری رابطے کے لیے کانفرنس کال ملائی جاتی ہے، تاہم ضلع رحیم یارخان کے 11 ایس ایچ اوز اور 16 تفتیشی افسران کی جانب سے کانفرنس کالز آٹنڈ نہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا۔
اس پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او عرفان علی سموں نے تمام متعلقہ افسران کو ایک، ایک سال سروس ضبطگی کی سزا دینے کے احکامات جاری کر دیے۔ انہوں نے ضلع بھر کے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ پولیس ایمرجنسی پکار 15 سے موصول ہونے والی کانفرنس کالز ہر صورت فوری آٹنڈ کی جائیں، کیونکہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ناقابل قبول ہے۔
ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ پولیس افسران ہمہ وقت الرٹ رہتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں اور شہریوں کو بروقت اور مؤثر پولیس خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مستحکم ہو۔