لودھراں (نیوز ڈیسک) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد طیب نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ناجائز قابضین، جعلسازی میں ملوث عناصر اور شہریوں کے حقوق سلب کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر آفس لودھراں میں منعقدہ اجلاس کے دوران پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف امووایبل پراپرٹی (ترمیمی) آرڈیننس 2026 کے تحت دنیاپور سے متعلق موصولہ کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد طیب نے پولیس افسران کے ہمراہ فریقین کے مؤقف سنے، جبکہ ڈسٹرکٹ اسکرونٹی کمیٹی نے متعلقہ ریکارڈ اور شواہد کا جائزہ لیا۔
محمد طیب نے کہا کہ مذکورہ آرڈیننس کا بنیادی مقصد حقیقی مالکان کو ان کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں، جعلسازی، بوگس دستاویزات اور دیگر غیرقانونی ذرائع سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ شہریوں کو بروقت ریلیف اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کی املاک کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے اور کسی بھی فرد یا گروہ کو دھونس، طاقت، جعلسازی یا دیگر غیرقانونی ذرائع سے کسی کی جائیداد پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے ہر درخواست کا شفاف، غیرجانبدار اور میرٹ پر جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کسی بھی شہری کے قانونی حق کو نقصان نہ پہنچے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) نے مزید کہا کہ جائیداد سے متعلق شکایات میں حقائق، سرکاری ریکارڈ اور دستیاب شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ حقیقی مالکان کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ جائیداد سے متعلق کسی بھی تنازع کی صورت میں قانون کو ہاتھ میں لینے کے بجائے متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔