بہاولپور (نیوز ڈیسک) اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ہفتہ روزہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، باہمی احترام، امن اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اس سلسلے میں آئی یو بی سوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس سوسائٹی اور آئی یو بی مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سوسائٹی، ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام ویبینار منعقد ہوا جس میں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز، ڈاکٹر محمد خبیب، ایڈوائزر آئی یو بی مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، محمد قاسم کمبوہ ایمبیسیڈر ہیومن رائٹس اینڈ پیس پاکستان، پرشانت سنگھ، اسسٹنٹ رجسٹرار یونیورسٹی آف پنجاب لاہور، مبین شیراز، پنڈت ارجن داس اور فادر عرفان چیرسٹ او پی نے شرکت کی۔
دریں اثناء اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے آگاہی واک بھی منعقد ہوئی، جس میں پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا، ڈاکٹر طاہرہ جبین، چیئرپرسن شعبہ سوشل ورک پنجاب یونیورسٹی لاہور، ڈاکٹر عائشہ شوکت، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک، ڈاکٹر محمد جعفر، ڈاکٹر منصور علی شاہ سمیت فیکلٹی ممبران، سٹاف اور طلباء نے شرکت کی۔
شرکاء نے بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، باہمی احترام، امن اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ واک کا مقصد طلباء میں اقلیتی برادریوں کے حقوق کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اور پرامن بقائے باہمی، شمولیت اور مساوی شہریت کی اقدار کو فروغ دینا تھا۔