بہاولپور (نیوز ڈیسک) پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاولپور ڈویژن کے زیر اہتمام اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ”بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن پاکستان کی تعمیر میں اقلیتوں کا کردار“ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد، دانشوروں، سماجی شخصیات اور دیگر معزز خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین شعبہ اردو پروفیسر ڈاکٹر نواز کاوش نے قومی اقلیتوں کے دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی اقلیتیں ملکی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ چیئرمین شعبہ ادیان عالم و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سجیلہ کوثر نے کہا کہ تحریک آزادی میں اقلیتوں کا کردار بھی ناقابل فراموش ہے۔
ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ملک اللہ بخش کلیار نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، برداشت اور باہمی احترام ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں۔ پروفیسر (ر) شعبہ سائیکالوجی ایس ای کالج ارشاد رحمت نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دے کر معاشرے میں محبت، اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
پرنسپل سینٹ پیٹر ہائی سکول جارج پطرس نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے تمام شہریوں کو مذہبی و سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پروفیسر ڈاکٹر ابرار محی الدین مرزا نے اپنے خطاب میں اقلیتوں کے آئینی حقوق کے تحفظ، ان کی سماجی و ثقافتی خدمات کے اعتراف اور ایک پُرامن، متحد اور روادار پاکستان کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
پاسٹر ڈیوڈ بیدی نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات کا حسین امتزاج ہے اور تمام شہری ملکی ترقی اور قومی یکجہتی میں برابر کے شریک ہیں۔ مقررین نے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے والے ہیروز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
سیمینار کے علاوہ مصوری کی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں فن پاروں کے ذریعے بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری، امن، بھائی چارے، قومی یکجہتی اور پاکستان کے کثیرالثقافتی تشخص کو اجاگر کیا گیا۔