بہاولپور (نیوز ڈیسک) چیئرمین ایجوکیشن بورڈ بہاولپور اشتیاق احمد گوندل نے سیکرٹری بورڈ پروفیسر عدیل مالک چیمہ اور کنٹرولر امتحانات سید محمد وحید الزمان ہمدانی کے ہمراہ احمد پور شرقیہ میں قائم انٹرمیڈیٹ کے مارکنگ سنٹر اور انٹر کے فزکس کے پریکٹیکل کے لیے قائم لیبارٹری کا تفصیلی معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران چیئرمین بورڈ اور دیگر حکام نے مارکنگ سنٹر میں جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانی پرچوں کی مارکنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مارکنگ کے معیار، شفافیت، ریکارڈ کی حفاظت اور امتحانی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کا بھی معائنہ کیا۔ چیئرمین بورڈ نے مارکنگ عملے کو ہدایت کی کہ طلبہ کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پرچوں کی مارکنگ انتہائی احتیاط، غیر جانب داری اور میرٹ کے مطابق کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام میں شفافیت اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں بورڈ حکام نے احمد پور شرقیہ اور ظاہر پیر کے نجی تعلیمی اداروں کے الحاق کے حوالے سے بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر اداروں کے تعلیمی و انتظامی امور، سہولیات اور بورڈ سے الحاق سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
بعد ازاں بورڈ حکام نے انٹرمیڈیٹ کے پریکٹیکل امتحانات کے لیے قائم لیب کا بھی دورہ کیا اور وہاں امتحانی انتظامات، طلبہ کو دستیاب سہولیات، ضروری آلات اور پریکٹیکل امتحانات کے انعقاد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ نے پریکٹیکل ایگزامینرز اور سنٹر کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پریکٹیکل امتحانات کے دوران تمام طلبہ کو یکساں اور مناسب سہولیات فراہم کی جائیں اور امتحانی قواعد پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
بورڈ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انٹرمیڈیٹ کے پریکٹیکل امتحانات کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ طلبہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔