بہاولپور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق نوجوان نسل کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے اور صحت مند و مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ بہاولپور کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں گرلز چیمپین لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں منعقد کیا گیا۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے بطور مہمان خصوصی ٹورنامنٹ میں شرکت کی، جبکہ پاکستان بھر سے گرلز کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ ان میں نظم و ضبط، برداشت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نوجوانوں میں حب الوطنی، نظم و ضبط اور باہمی ہم آہنگی کے جذبات کو مزید تقویت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرلز کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ پنجاب میں خواتین کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے سازگار مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کے لیے ایسے پروگرام مستقبل میں بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جاتے رہیں گے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔