لودھراں (نیوز ڈیسک) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب نے کہا ہے کہ حقیقی مالکان کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا، کسی کی ملکیتی جگہ پر ناجائز قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور غیر قانونی قبضے فوری ختم کرائے جائیں گے۔
اس حوالے سے ڈی سی آفس لودھراں میں پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف امووایبل پراپرٹی ایکٹ 2026 کے تحت کیسز کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب نے پولیس افسران کے ہمراہ موصولہ شکایات اور جائیداد کے تنازعات کے حوالے سے فریقین کا مؤقف سنا۔
اے ڈی سی آر محمد طیب نے کہا کہ مذکورہ ایکٹ ناجائز قابضین کے خلاف فوری کارروائی اور جائیداد سے متعلق جعلسازی کی روک تھام کے لیے بنایا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ حقیقی مالکان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع لودھراں میں ایکٹ کے تحت 17 ریونیو کیسز میں فریقین کے براہِ راست مؤقف سنے گئے، جبکہ جائیداد سے متعلق تنازعات کو قانون اور میرٹ کے مطابق حل کیا جا رہا ہے۔