بہاولپور (نیوز ڈیسک) لخدمت فاؤنڈیشن بہاولپور کے زیر اہتمام سیلاب 2025 سے متاثرہ کسانوں کی معاشی بحالی کے لیے Income Generating Project for Flood Affected Farmers کے تحت خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 220 سے زائد متاثرہ کسانوں میں مجموعی طور پر اڑھائی کروڑ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی پنجاب کے پیٹرن سید ذیشان اختر تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید ذیشان اختر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی محض فوری امداد کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ انہیں دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا الخدمت فاؤنڈیشن کی ترجیحات میں شامل ہے۔ متاثرہ کسانوں کو آمدن کے ذرائع کی بحالی کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا اسی سوچ کا عملی اظہار ہے۔ کسان ملکی معیشت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی بحالی دراصل ملکی معیشت کی بحالی ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی پنجاب کے نائب صدر احسان اللہ چوہدری نے کہا کہ سیلاب 2025 نے کسانوں کو شدید معاشی نقصان پہنچایا، جس کے باعث بہت سے خاندانوں کے لیے دوبارہ اپنا روزگار شروع کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کا Income Generating Project متاثرہ کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے اور انہیں مستقل آمدن کی طرف واپس لانے کی ایک عملی کوشش ہے۔
تقریب کے شرکا نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرہ کسانوں کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ متاثرین کو طویل المدتی بنیادوں پر معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے ایسے منصوبوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
اس موقع پر امدادی چیکس حاصل کرنے والے کسانوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا اور فراہم کی جانے والی یہ معاونت انہیں دوبارہ اپنا ذریعہ آمدن بحال کرنے اور اپنے خاندانوں کے اخراجات پورے کرنے میں مدد دے گی۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی، معاشی خودکفالت اور باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
تقریب میں احسان اللہ چوہدری، عارف خان جروار، شاہد حسن، ملک عبدالحئی، نصر احمد ناصر، ملک سرفراز ناظم اعوان، پروفیسر رمضان یزدانی، ہمایوں شہزاد، میاں عثمان سمیت الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔