بہاولپور (نیوز ڈیسک) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی زیر صدارت فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لیے تقریباً 9379 ملین روپے، یعنی 9.37 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔
خزانہ دار ڈاکٹر طارق محمود شیخ نے اجلاس میں یونیورسٹی کا مالی تخمینہ پیش کیا۔ منظور شدہ بجٹ کے مطابق مالی سال 2026-27 کے دوران یونیورسٹی کو تقریباً 541 ملین روپے کے مالی خسارے کا سامنا ہوگا۔
بجٹ میں جاری اور نئے تحقیقی منصوبوں، کیمپس کے ترقیاتی منصوبوں، ملازمین اور طلبہ و طالبات کی فلاح و بہبود کی اسکیموں جبکہ مستحق طلبہ و طالبات کے لیے وظائف کی فراہمی کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر خالد منصور، ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر محمد اسد اللہ مدنی، چیئرمین شعبہ فارماسیوٹیکس، محمد شجیع الرحمن، رجسٹرار، زاہدہ اظہر، ایڈیشنل سیکرٹری یونیورسٹیز ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، روفیہ، ڈپٹی سیکرٹری فنانس اور ثمر سبطین، ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔