بہاولپور (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ 1448ھ کے سلسلے میں ضلع بھر میں منعقد ہونے والے جلوسوں، ریلیوں اور محافل میلاد کے سکیورٹی و سیفٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ڈاکٹر عائشہ خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد باقر، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں جلوسوں کے روٹس، جلسوں و محافل میلاد کے انعقاد، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو عید میلاد النبی ﷺ کے پروگرامز کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر ضلع بہاولپور میں مجموعی طور پر 73 جلوس نکالے جائیں گے، جن میں 2 اے کیٹگری، 8 بی کیٹگری اور 36 سی کیٹگری کے جلوس شامل ہیں، جبکہ ضلع بھر میں 9 محافل میلاد منعقد ہوں گی، جن میں 2 بی کیٹگری اور 7 سی کیٹگری کی محافل شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عید میلاد النبی ﷺ کے تمام پروگرامز کے دوران سکیورٹی اور سیفٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، ٹھنڈے پانی کی سبیلوں، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے جلوسوں اور محافل میلاد کے منتظمین کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں۔