بہاولپور (نیوز ڈیسک)پنجاب کونسل آف دی آرٹس،بہاولپور ڈویژن کے زیرِاہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور جذبۂ ایثار کو فروغ دینا تھا۔
تقریب میں نجی سکولز کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمات، قومی و ملی جذبے پر مبنی ٹیبلوز اور تقاریر پیش کیں، جن کے ذریعے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں، قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبات کو اجاگر کیا گیا۔ طلبہ و طالبات کی پیشکشوں کو حاضرین نے بے حد سراہا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاولپور ڈویژن، ڈاکٹر ناصر حمید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہے، جب قوم اور مسلح افواج نے مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ یومِ دفاع ہمیں اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے اور ملک کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنے کا درس دیتا ہے۔
تقریب میں پریذیڈنٹ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن بہاولپور و پرنسپل بہاولپور سائنس سکول واجد علی چوہدری، پرنسپل دی سولجر سسٹم آف ایجوکیشن بہاولپور عمر فاروق، پرنسپل الظہور سکول محمد سجاد، پرنسپل دی کنگڈم سکول شکیلہ خان بلوچ، سینئر اداکارہ طاہرہ خان، طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔