بہاولپور (نیوز ڈیسک) ڈی ایچ اے بہاولپور ڈیلر ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کرنل (ر) ملک کامران نواز بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہوگئے۔ انہوں نے 125 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدِمقابل شفقت نذیر خان نے 35 ووٹ حاصل کیے۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 171 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں سے 11 ووٹ مسترد قرار پائے۔
نومنتخب صدر کرنل (ر) ملک کامران نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلر برادری نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے، ڈیلرز کے دیرینہ مسائل حل کرنے، ان کے حقوق کے تحفظ اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بھرپور کوشش ہوگی کہ وہ ڈیلر برادری اور ڈی ایچ اے بہاولپور کے درمیان مؤثر رابطے اور تعاون کے لیے پل کا کردار ادا کریں تاکہ مسائل کے حل اور کاروباری معاملات میں بہتری لائی جاسکے۔
کرنل (ر) ملک کامران نواز نے مزید کہا کہ ڈیلر برادری کے مسائل کے حل اور ڈی ایچ اے بہاولپور میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ وہ ڈیلرز کے اعتماد پر پورا اترنے اور ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔
اس موقع پر فیصل شیخ، ملک کامران، شیراز حسین، میجر (ر) زاہد حسین، تنویر اشرف رامے اور غلام محمد میو نے کرنل (ر) ملک کامران نواز کو شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب صدر کی قیادت میں ڈیلر برادری کے اتحاد کو مزید مضبوط بنانے، دیرینہ مسائل کے حل اور ڈی ایچ اے بہاولپور میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر پیش رفت ہوگی۔