’’ہر کہانی منفرد ہے، ہر سفر اہم ہے: یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی عمارت گلابی روشنیوں سے منور
بہاول پور(نیوز ڈیسک)اسلامیہ یونیورسٹی کے یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی اجاگر کرنے کے لیے ’’پنک جرنی‘‘ کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع ’’ہر کہانی منفرد ہے، ہر سفر اہم ہے‘‘ تھا۔ اس موقع پر چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے عزم کے اظہار کے لیے کالج کی عمارت کو گلابی رنگ میں رنگا گیا۔ تقریب میں آگاہی سیشن، طلباء کے تخلیقی فن پاروں کی نمائش اور مرض کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مائم (بغیر الفاظ کے اداکاری) پرفارمنس سمیت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کا افتتاح وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کیا، جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگویجز پروفیسر ڈاکٹر سید عامر سہیل اور ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد خالد منصور نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان مقرر کنسلٹنٹ فزیشن و میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ملیحہ اعجاز نے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی سیشن میں شرکاء کو مرض، اس کی علامات اور بروقت تشخیص کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی پرنسپل ڈاکٹر فرحانہ الطاف قریشی نے معزز مہمانوں کو بتایا کہ کالج کی آرٹ کمیونٹی نے فن اور تخلیقی اظہار کے ذریعے چھاتی کے کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ تقریب میں طلباء کے تیار کردہ تخلیقی فن پاروں کی نمائش بھی کی گئی، جن کے ذریعے اس مرض سے متعلق آگاہی، متاثرہ افراد کے احساسات اور معاشرتی یکجہتی کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔ طلباء کی جانب سے پیش کی جانے والی مائم پرفارمنس کو بھی شرکاء نے سراہا۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مہمانوں اور فیکلٹی ممبران نے پنک ڈے کی سرگرمیوں میں شرکت کی اور طلباء کی تخلیقی کاوشوں کا جائزہ لیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا، ڈائریکٹر ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ ڈاکٹر محمد نوید اسلم ملغانی، ڈائریکٹر ایلومنائی افیئرز ڈاکٹر جام سجاد حسین، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن شہباز علی خان، وائس چانسلر کے ایگزیکٹو سیکرٹری ڈاکٹر شیخ خالد، ڈاکٹر علی، ڈاکٹر عروج اور ڈائریکٹر اسپورٹس امجد فاروق وڑائچ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
ڈاکٹر فرحانہ الطاف قریشی نے تقریب کو کامیاب بنانے میں فیکلٹی ممبران، عملے اور طلباء کی کاوشوں کو سراہا۔ ’’پنک جرنی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ یہ سرگرمی فن، تعلیم اور تخلیقی اظہار کے ذریعے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پھیلانے، بیماری کی بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنے اور اس مرض سے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عزم کی عکاس تھی۔