بہاول پور (نیوز ڈیسک) صادق پبلک سکول بہاولپور نے تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پی اے ایف کالج لوئر ٹوپہ مری میں منعقدہ کل پاکستان بین الکلیاتی دو لسانی تقریری مقابلے کی ٹیم ٹرافی اپنے نام کرلی، جبکہ اردو تقریری مقابلے میں حسین سلیمی اور انگریزی تقریری مقابلے میں سید علی زین العابدین نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
علاوہ ازیں صادق پبلک سکول میں طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے سالانہ انٹر ہاؤس انگریزی تقریری مقابلہ (پریپ) اور حسنِ قرأت مقابلہ 2026 کا بھی انعقاد کیا گیا۔ انگریزی تقریری مقابلے کی تقریب کی صدارت عمر فرید عباسی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ایمان علی نے انجام دیے۔
سنجیدہ تقاریر کے مقابلے میں زینب ہاؤس کی فاطمہ رئیس قریشی نے پہلی، شہباز ہاؤس کے عبدالمعز اور عائشہ ہاؤس کی فائقہ عمر نے مشترکہ طور پر دوسری جبکہ فرید ہاؤس کے محمد عبداللہ خورشید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ عالمگیر ہاؤس نارتھ کے عبدالسلام کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔
مزاحیہ تقاریر کے مقابلے میں عائشہ ہاؤس کی راحیم سلیمی نے پہلی، شہباز ہاؤس کے فضل نواز نے دوسری اور عالمگیر ہاؤس ساؤتھ کے شاہزیب نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ فرید ہاؤس کے محمد حسان اعظم کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔ اقامتی درجہ بندی میں عائشہ ہاؤس نے پہلی، شہباز ہاؤس نے دوسری اور زینب ہاؤس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سالانہ حسنِ قرأت مقابلہ 2026 میں پریپ سکول کے طلبہ و طالبات میں عدن خان نے پہلی، فائقہ شہباز نے دوسری اور محمد حذیفہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ سینئر طلبہ و طالبات میں عمر عبداللہ اول، خدیجہ امین شیخ دوم اور حذیفہ عمر سوم رہے۔
اس موقع پر صادق پبلک سکول کے پرنسپل بریگیڈیئر (ر) عبدالحفیظ (ستارہ امتیاز ملٹری) نے طلبہ و طالبات کی کارکردگی اور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینا طلبہ کی شخصیت سازی اور صلاحیتوں کے اظہار کے لیے نہایت اہم ہے۔ ایسی سرگرمیوں سے انہیں اپنی استعداد منوانے اور اعتماد میں اضافے کے مواقع میسر آتے ہیں۔
