بہاولپور(نیوز ڈیسک) دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کے نیو کیمپس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم کی سرپرستی میں ڈائریکٹوریٹ آف ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر، اسٹیٹ کیئر آفس اور فارمر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے باہمی تعاون سے شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔
کوآرڈینیٹر نیو کیمپس ڈاکٹر میمونہ نذیر، ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر نسیم اختر اور فارمر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے نمائندے سید منور بخاری ایڈووکیٹ اور غلام فاطمہ ایڈووکیٹ نے مشترکہ طور پر پھلدار پودے لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
اس موقع پر مقررین نے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز پاکستان کے خواب کی تعبیر کے لیے ایسے اقدامات نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف ماحول کو بہتر بناتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت بھی فراہم کرتا ہے۔
تقریب میں ڈاکٹر راشد سلامت اسٹیٹ کیئر آفیسر، اختر علی گھمن لینڈ آفیسر، فیکلٹی ممبران اور طالبات نے بھی بھرپور شرکت کی اور مختلف اقسام کے پودے لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔
فارمر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے یونیورسٹی کو دو سو سے زائد پھلدار پودے جن میں انجیر، شہتوت اور پیلکن شامل ہیں بطور عطیہ فراہم کیے گئے، جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے آرگنائزیشن کا شکریہ ادا کیا۔