بہاولپور(نیوز ڈیسک)وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی ہدایت پر معرکۂ حق “بنیان المرصوص” کی پندرہ روزہ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز بہاولنگر کیمپس کے زیر اہتمام آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کو اجاگر کرنے اور طلبہ و اساتذہ میں اتحاد و قومی فخر کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے قومی یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا۔
واک کی قیادت ڈائریکٹر کیمپس ڈاکٹر رفاقت علی نے کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز محمد عمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ واک میں مختلف تعلیمی شعبوں کے فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی ملازمین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آپریشن بنیان المرصوص کی اہمیت اور قومی استحکام و اتحاد کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا گیا تھا۔ واک کے دوران ماحول جوش و جذبہ حب الوطنی سے بھرپور رہا اور شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
واک کا اختتام شرکاء کی جانب سے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے اور اتحاد، امن اور ترقی کی اقدار کو برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔