بہاولپور (نیوز ڈیسک)کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خیرپور ٹامیوالی اور جناح پارک کا دورہ کیا جبکہ حاصل پور روڈ پر قائم مونومنٹ کا افتتاح بھی کیا۔مونومنٹ پر اللہ تعالیٰ کے اسمائے گرامی خوبصورت انداز میں تحریر کیے گئے ہیں۔
کمشنرعرفان علی کاٹھیا نے ٹی ایچ کیو ہسپتال خیرپور ٹامیوالی میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔
عرفان علی کاٹھیا نے واضح ہدایت کی کہ ہسپتال میں ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی مریض کو باہر سے ادویات خریدنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔کمشنر نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے سبزہ زار کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ احاطہ ہسپتال میں نئے پودے لگائے جائیں اور گھاس کی افزائش پر توجہ دی جائے تاکہ ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں سرسبز و شاداب ماحول عوام پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے جناح پارک خیرپور ٹامیوالی کا دورہ کیا اور جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پارک کی خوبصورتی میں مزید اضافہ، صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے لیے تفریحی سہولیات میں بہتری کی ہدایت کی۔ کمشنر نے کہا کہ عوام کو معیاری اور صحت مند تفریحی مواقع فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔