بہاولپور (نیوز ڈیسک) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاؤن کی آڑ میں چھوٹے تاجروں اور محنت کش طبقے کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور معاشی استحصال کے خلاف انجمن تاجران بہاولپور نے بہاولپور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔
پریس کانفرنس میں صدر چیمبر آف کامرس سید ظفر شریف، صدر ہائیکورٹ بار ثمینہ قریشی ایڈووکیٹ، مرکزی انجمن تاجران محمد خرم، اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر اور امیر ضلع جماعت اسلامی نصراللہ ناصر سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس کی جانب سے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے دکانداروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، بلاجواز جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور بعض مقامات پر مبینہ تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جس سے تاجر برادری شدید ذہنی و معاشی دباؤ کا شکار ہے۔
شرکاء نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی بہاولپور کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات پر عملدرآمد ضروری ہے تاہم شہریوں کی عزت نفس مجروح کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور قانون نافذ کرنے کے نام پر کسی شہری کے ساتھ بدسلوکی، تشدد یا تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، بصورت دیگر تاجر برادری، وکلا، سیاسی و مذہبی تنظیمیں متحد ہو کر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گی اور شٹر ڈاؤن ہڑتال سمیت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ مزید یہ کہ برطرفی تک تمام سرکاری تقریبات اور سرگرمیوں کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا گیا۔