بہاولپور(نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر آنے والے شہریوں کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے فوری ازالے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق سرکاری دفاتر کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور شہری بلا جھجھک اپنے مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی شکایات سنی جا رہی ہیں اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کے لیے ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عوامی خدمت کے عمل کو مزید مؤثر بناتے ہوئے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "ستھرا پنجاب” کے تحت ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ٹرسٹ کالونی پارک کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے پارک میں موسمی پھولوں کی پھلواری، گرین بیلٹس، گھاس کی کٹائی اور درختوں کی تراش خراش کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارک کی صفائی اور خوبصورتی کے اقدامات مزید تیز کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے پارک میں موجود فوارے کو فوری مرمت کے بعد فعال کرنے، تمام لائٹس کو مکمل طور پر فنکشنل بنانے اور پیدل چلنے کے ٹریک کی مرمت و خوبصورت انداز میں بحالی کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر پارک میں نصب بینچز اور جنگلوں (جالیوں) کو فوری طور پر پینٹ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کو صاف ستھرا، سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے اور ٹرسٹ کالونی پارک کو جلد بہتر سہولیات سے آراستہ کر دیا جائے گا۔