بہاولپور(نیوز ڈیسک)پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) بہاولپور سٹی کے ایس ڈی ای او مجتبیٰ منظور (پی ایم ایس) نے اوور چارجنگ اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر ایل پی جی فروخت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کروا کر جیل بھجوا دیا۔
ایس ڈی ای او پیرا بہاولپور سٹی مجتبیٰ منظور (پی ایم ایس) نے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات کی چیکنگ کی۔ دورانِ معائنہ نعمان فاروق اور ذیشان ظہور سرکاری مقررہ نرخ 308.76 روپے فی کلوگرام کے بجائے تقریباً 500 روپے فی کلوگرام کے حساب سے ایل پی جی فروخت کرتے ہوئے پائے گئے۔ خلاف ورزی ثابت ہونے پر دونوں افراد کو موقع پر گرفتار کرکے قانونی کارروائی کے بعد سنٹرل جیل منتقل کر دیا گیا۔
اس موقع پر ایس ڈی ای او پیرا بہاولپور سٹی مجتبیٰ منظور (پی ایم ایس) نے کہا کہ ناجائز منافع خوری اور اوور چارجنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کا استحصال کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ اور پیرا کی اولین ترجیح ہے۔
شہری اور سماجی حلقوں نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف مؤثر اقدامات سے صارفین کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوگا اور مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایس ڈی ای او پیرا بہاولپور سٹی مجتبیٰ منظور (پی ایم ایس) کی جانب سے مستقبل میں بھی ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔